تحریر: مولانا سید نجیب الحسن زیدی
حوزہ نیوز ایجنسی | کسی بھی زندہ معاشرے کی سب سے بڑی قوت اس کے وسائل، عمارتیں، ادارے، عہدے یا شخصیات نہیں ہوتیں، بلکہ اس کی اصل قوت وہ ذہن ہوتے ہیں جو سوچتے ہیں، وہ نگاہیں ہوتی ہیں جو حالات کا تجزیہ کرتی ہیں، وہ زبانیں ہوتی ہیں جو دلیل کے ساتھ سوال اٹھاتی ہیں اور وہ ضمیر ہوتے ہیں جو مروجہ رویوں سے اختلاف کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ قوموں کی تعمیر خاموش ذہنوں کی بھیڑ سے نہیں، بلکہ بیدار فکر، آزاد شعور اور زندہ ضمیر رکھنے والے افراد سے ہوتی ہے۔
فکر و نظر اور انسانی ارتقاء
فکر و نظر محض ایک ذہنی سرگرمی نہیں، بلکہ انسانی ارتقا کا بنیادی محرک ہے۔ جو انسان سوچنا چھوڑ دیتا ہے، وہ رفتہ رفتہ دوسروں کے فیصلوں کا محتاج ہوجاتا ہے اور جو معاشرہ سوال کرنا چھوڑ دیتا ہے، وہ اپنی فکری خودمختاری کھو بیٹھتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہر بڑی علمی، سماجی، سیاسی اور تہذیبی تبدیلی کے پس پشت کسی نہ کسی ایسے ذہن کی کارفرمائی رہی ہے جس نے مروجہ تصورات کو حرفِ آخر تسلیم کرنے کے بجائے ان پر سوال اٹھایا، ان کا تجزیہ کیا اور ایک نئی راہ تلاش کرنے کی جرأت کی۔
ہمارا المیہ
آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمارے بہت سے مذہبی، علمی اور سماجی حلقوں میں سوچنے، سوال کرنے اور تنقیدی نگاہ رکھنے والوں کو ایک قیمتی اثاثہ سمجھنے کے بجائے ایک مشکل تصور کیا جانے لگا ہے۔ جو شخص کسی فیصلے کے پس منظر پر سوال کرے، کسی پالیسی کے نتائج کا تجزیہ کرے، کسی ادارے کی خامیوں کی نشان دہی کرے یا کسی مذہبی و سماجی روایت کے بارے میں علمی گفتگو کرنا چاہے، اسے بسا اوقات بدظن، باغی، منفی ذہن، فتنہ پرداز یا نظم وضبط کا مخالف قرار دے دیا جاتا ہے۔
یہ رویہ نہ صرف فکری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے بلکہ اداروں کے اندر ایک ایسی مصنوعی خاموشی پیدا کرتا ہے جس میں غلطیاں پنپتی ہیں، نااہلیاں تحفظ حاصل کرتی ہیں اور مصلحتیں اصولوں کی جگہ لے لیتی ہیں۔
اختلاف رائے اور تعمیر معاشرہ
ضرورت اس بات کی ہے کہ اختلافِ رائے کو دشمنی، تنقید کو تخریب اور سوال کو گستاخی سمجھنے کے بجائے ایک صحت مند علمی و اجتماعی کلچر فروغ دیا جائے۔ تنقیدی ذہن رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، ان کی بات تحمل سے سنی جائے، ان کے سوالات کا جواب دلیل سے دیا جائے اور انہیں محض اختلاف کی بنیاد پر موردِ عتاب ٹھہرانے یا اجتماعی دھارے سے الگ تھلگ کرنے کی روش ترک کی جائے۔ کیونکہ جو لوگ اپنے ناقدین کو برداشت نہیں کرسکتے وہ اپنی اصلاح کے امکانات بھی خود ختم کردیتے ہیں
یاد رکھیے! کسی ادارے کی وفاداری کا سب سے بڑا ثبوت اس کی ہر بات سے اتفاق کرنا نہیں، بلکہ اس کے بہتر مستقبل کے لیے غلطیوں کی نشان دہی کرنے کا حوصلہ رکھنا ہے۔
گھر سے حوزہ تک: ہمیں سوچنے والے انسان درکار ہیں
ذرا اپنے اجتماعی اور مذہبی ڈھانچے کا جائزہ لیجیے۔ گھر سے مسجد تک، امام بارگاہ سے حوزاتِ علمیہ تک، مراجع کرام کے دفاتر سے دینی و تعلیمی اداروں تک اور مذہبی و قومی مراکز سے اجتماعی تنظیموں تک، ہر جگہ ہمیں ایسے افراد کی ضرورت ہے جو سوچنے، سمجھنے، سوال کرنے، تجزیہ کرنے اور مستقبل کے تقاضوں کو محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
گھر صرف رہنے کی جگہ نہیں، بلکہ نئی نسل کی فکری تربیت کی پہلی درسگاہ ہے۔ جس گھر میں بچوں کے سوالات کا استقبال کرنے کے بجائے انہیں خاموش رہنے کی تلقین کی جائے، جہاں والدین اپنی رائے کو حرفِ آخر سمجھیں اور بچوں کو سوچنے اور اپنی بات کہنے کا موقع نہ ملے، وہاں فرمانبردار افراد تو پیدا ہوسکتے ہیں، لیکن آزاد فکر اور ذمہ دار شخصیتوں کی تعمیر مشکل ہوجاتی ہے۔
مسجد صرف نماز ادا کرنے کی جگہ نہیں، بلکہ اسلامی شعور، اجتماعی بیداری، اخلاقی تربیت اور سماجی اصلاح کا مرکز بھی ہے۔ مسجد کو ایسے افراد کی ضرورت ہے جو عبادت کے ساتھ معاشرتی مسائل کو سمجھیں، لوگوں کے سوالات سنیں، نوجوان نسل کی فکری الجھنوں کا ادراک کریں اور دین کو عصر حاضر کے تقاضوں کے ساتھ مربوط کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اگر مسجد میں صرف خاموش سامعین کی بھیڑ ہو اور سوال و مکالمے کے لیے کوئی جگہ نہ ہو تو اس کی اجتماعی و تربیتی افادیت محدود ہوجائے گی۔
امام بارگاہ کا کردار بھی محض مجالس، ماتم اور مناسبات کے انعقاد تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ یہ مرکزِ معرفت، مرکزِ شعور اور مرکزِ تربیت بھی ہے۔ یہاں ایسے افراد کی ضرورت ہے جو عزاداری کے مقاصد، پیغامِ کربلا، سیرتِ اہل بیتؑ اور عصر حاضر کے فکری و سماجی چیلنجوں کو سمجھتے ہوں۔ جو یہ جانتے ہوں کہ امام حسینؑ کا قیام صرف گریہ و ماتم کا موضوع نہیں، بلکہ شعور، حریت، اصلاح اور حق گوئی کا ایک ابدی منشور بھی ہے۔
حوزاتِ علمیہ کی ذمہ داری تو اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔ حوزہ علمیہ اگر صرف محفوظ شدہ معلومات کی منتقلی کا ذریعہ بن جائے اور اس میں تحقیق، اجتہاد، تنقیدی مطالعے، نئے سوالات اور علمی مباحث کی حوصلہ افزائی نہ ہو تو وہ اپنے حقیقی علمی تشخص سے محروم ہونے لگے گا۔ حوزہ کو ایسے علماء کی ضرورت ہے جو صرف ماضی کے علمی ذخیرے سے واقف نہ ہوں، بلکہ حال کے مسائل کو سمجھیں، مستقبل کے سوالات کا ادراک کریں اور دینی تعلیمات کی روشنی میں ان کا جواب تلاش کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہوں۔
مراجعِ کرام کے دفاتر اور علمی و دینی مراکز بھی اس حقیقت سے مستثنیٰ نہیں۔ ان مراکز میں ایسے اہلِ فکر، محققین، ماہرین اور مشیران کی ضرورت ہے جو معاشرتی تبدیلیوں، عوامی ضروریات، نئی نسل کے سوالات اور عصری تقاضوں کا صحیح تجزیہ کرسکیں۔ اگر ایسے مراکز میں صرف وہی لوگ جگہ پائیں جو ہر بات پر سر ہلانے، ہر فیصلے کی تائید کرنے اور ہر پالیسی کو درست ثابت کرنے کا ہنر رکھتے ہوں تو فیصلہ سازی کا عمل حقیقی مشاورت سے محروم ہوجائے گا۔
عہدوں کی بنیاد تعلقات نہیں اہلییت
دینی اداروں اور مذہبی و قومی مراکز کو ایسے افراد کی ضرورت ہے جو تنظیمی معاملات کو محض عہدوں اور تعلقات کی بنیاد پر نہیں، بلکہ اہلیت، دیانت، کارکردگی اور اجتماعی مفاد کی بنیاد پر دیکھنے کا حوصلہ رکھتے ہوں۔ جو ادارے کی خامیوں کی نشان دہی کو اپنی توہین نہ سمجھیں اور اصلاح کی آواز بلند کرنے والوں کو اپنا مخالف قرار نہ دیں۔
خاموش لوگوں کی بھیڑ اور اداروں کا فکری زوال
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: آخر ان تمام مراکز میں ایسے لوگوں کی بھیڑ کیوں جمع ہوجاتی ہے جو سوچنے اور سوال کرنے سے گریز کرتے ہیں؟ جو اپنے ذہن کو استعمال کرنے کے بجائے دوسروں کے ذہن سے مستعار فیصلے قبول کرنے کو ترجیح دیتے ہیں؟ جو ہر معاملے میں یہ دیکھتے ہیں کہ صاحبِ منصب کی رائے کیا ہے، نہ کہ یہ کہ حقیقت اور دلیل کا تقاضا کیا ہے؟
اس صورت حال کے کئی اسباب ہوسکتے ہیں۔ کہیں عہدے اور مراعات کا تحفظ انسان کو خاموش رہنے پر مجبور کرتا ہے، کہیں اختلاف کو نافرمانی سمجھنے کا مزاج پیدا کردیا جاتا ہے، کہیں شخصیات کی غیر ضروری تقدیس سوال کرنے کی راہ روک دیتی ہے اور کہیں اداروں کا انتظامی ڈھانچہ اس انداز سے تشکیل پاتا ہے کہ آزاد رائے رکھنے والا شخص خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگتا ہے۔
نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ رفتہ رفتہ اداروں میں اہلِ فکر کے بجائے اہلِ تائید کی قدر بڑھنے لگتی ہے۔ سوال کرنے والا تنہا ہوجاتا ہے اور خاموش رہنے والا قابلِ اعتماد قرار پاتا ہے۔ دلیل رکھنے والے سے زیادہ اہمیت اس شخص کو ملنے لگتی ہے جو اختلاف کے باوجود ظاہری اتفاق کا مظاہرہ کرنا جانتا ہو۔
یہی وہ مقام ہے جہاں اداروں کا فکری زوال شروع ہوتا ہے۔
ایسے ماحول میں غلط فیصلوں کی نشان دہی نہیں ہوتی، کمزور پالیسیوں پر نظرثانی نہیں کی جاتی، انتظامی خامیاں مسلسل برقرار رہتی ہیں اور نااہلی کو بھی وفاداری کے پردے میں چھپا دیا جاتا ہے۔ بالآخر ادارہ افراد کے ایک محدود حلقے کی سوچ کا اسیر ہوکر رہ جاتا ہے۔ اس کے پاس عمارتیں تو ہوتی ہیں، مگر فکری وسعت نہیں؛ عہدے تو ہوتے ہیں، مگر اہلیت نہیں؛ افراد کی تعداد تو ہوتی ہے، مگر اجتماعی بصیرت نہیں۔
ایک فرق
یہاں ایک فرق سمجھنا ضروری ہے: ہر تنقید درست نہیں ہوتی، ہر سوال دانش مندی کی علامت نہیں ہوتا اور ہر اختلاف تعمیری نہیں ہوتا۔ لیکن اس کا فیصلہ بھی دلیل، تحقیق اور مکالمے سے ہونا چاہیے، نہ کہ کسی شخص کو بدنام کرکے، اس کی نیت پر حملہ کرکے یا اسے ادارے سے الگ تھلگ کرکے۔ تنقید کا جواب تنقید سے، غلطی کا جواب دلیل سے اور اختلاف کا جواب علمی مکالمے سے دیا جانا چاہیے۔
تنقیدی ذہن کو برداشت کرنا کافی نہیں، اس کی قدر کرنا سیکھنا ہوگا۔ کیونکہ اداروں کو صرف وہ لوگ آگے نہیں بڑھاتے جو پہلے سے طے شدہ راستوں پر چلتے ہیں، بلکہ وہ لوگ بھی آگے بڑھاتے ہیں جو راستوں کی خامیوں کو دیکھ کر بہتر راستے تلاش کرتے ہیں۔
سوال کرنے والوں سے خوف کیوں؟
ایک بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ جو شخص سوال کرتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ مخالف ہو؛ جو تنقید کرتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ تخریب کار ہو؛ اور جو کسی فیصلے سے اختلاف کرتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ کسی ادارے کا دشمن ہو۔
بسا اوقات ایک مخلص ناقد وہ بات دیکھ لیتا ہے جسے پورا انتظامی ڈھانچہ دیکھنے سے قاصر رہتا ہے۔ ایک آزاد ذہن وہ خطرہ محسوس کرلیتا ہے جو خوشامدیوں کی پوری مجلس کی نگاہوں سے اوجھل رہتا ہے۔
اداروں کو یہ حوصلہ پیدا کرنا ہوگا کہ وہ اپنے اندر ایسے افراد کو جگہ دیں جو ان سے سوال کرسکیں، ان کی پالیسیوں کا تجزیہ کرسکیں اور ضرورت پڑنے پر ان کے فیصلوں سے اختلاف بھی کرسکیں۔ اختلاف رکھنے والوں کو الگ تھلگ کرنے کے بجائے انہیں مشاورت میں شامل کیا جائے۔ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے اور ان کی تنقید کو ادارے کی اصلاح کا ایک ذریعہ سمجھا جائے۔
کیونکہ اگر کسی ادارے میں صرف ایک ہی ذہن سوچے گا، ایک ہی حلقہ فیصلے کرے گا اور باقی سب صرف تائید کریں گے تو وہاں اجتماعی دانش نہیں بلکہ ایک ہی نوعیت کی فکری اجارہ داری قائم ہوگی۔
اور فکری اجارہ داری کسی بھی علمی، مذہبی یا سماجی ادارے کے لیے طویل مدت میں نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
کیا ہم ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں سوال کرنے سے پہلے انسان اپنی مصلحتیں دیکھے؟ جہاں کسی فیصلے پر اختلاف کرنے سے پہلے اپنے عہدے، تعلقات اور مستقبل کے بارے میں سوچنا پڑے؟ جہاں اداروں میں قابلیت سے زیادہ خاموشی، تحقیق سے زیادہ تائید اور دلیل سے زیادہ شخصیت پرستی کو اہمیت حاصل ہو؟
اگر ایسا ہے تو ہمیں اپنی دیواروں پر یہ جملہ لکھ دینا چاہیے:
"ہش! سوچنا منع ہے، سوال کرنا جرم ہے، اختلاف ناقابلِ برداشت ہے اور خاموش رہنا ہی وفاداری کی سب سے بڑی دلیل ہے!"
لیکن یہ طرزِ فکر نہ دین کی خدمت ہے، نہ علم کی پاسداری اور نہ ہی کسی ادارے کی حقیقی وفاداری۔ یہ تو فکری جمود کا وہ راستہ ہے جو بظاہر نظم و اتحاد کا تاثر دیتا ہے، لیکن اندر سے معاشرے کی تخلیقی اور اصلاحی قوت کو کھوکھلا کردیتا ہے۔
ہمیں ایسے گھروں کی ضرورت ہے جہاں بچے سوال کرسکیں، ایسی مسجدوں کی ضرورت ہے جہاں فکر و شعور پروان چڑھے، ایسی امام بارگاہوں کی ضرورت ہے جہاں عزاداری کے ساتھ معرفت بھی فروغ پائے، ایسے حوزاتِ علمیہ کی ضرورت ہے جہاں تحقیق اور اجتہاد زندہ ہوں، ایسے دفاتر اور دینی مراکز کی ضرورت ہے جہاں اہلِ فکر کی قدر ہو اور ایسے مذہبی و قومی اداروں کی ضرورت ہے جہاں عہدے سے زیادہ اہلیت اور خوشامد سے زیادہ صداقت کو اہمیت حاصل ہو۔
ہمیں سر ہلانے والے افراد کی تعداد بڑھانے سے زیادہ سر اٹھا کر سوچنے والے انسانوں کی ضرورت ہے۔ ہمیں تائید کرنے والوں کی بھیڑ نہیں، دلیل دینے والوں کی ضرورت ہے۔ ہمیں خاموش اطاعت گزار نہیں، باشعور، ذمہ دار اور صاحبِ بصیرت افراد درکار ہیں۔
کیونکہ جو معاشرہ سوچنے والوں کو تنہا کردیتا ہے، وہ بالآخر خود تنہا ہوجاتا ہے؛ جو ادارہ سوال کرنے والوں کو باہر نکال دیتا ہے، وہ اپنی اصلاح کے دروازے خود بند کردیتا ہے؛ اور جو مذہبی و علمی مرکز فکر و نظر سے خوف زدہ ہوجائے، اسے اپنی فکری سمت کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
کیونکہ فکر کی آزادی انتشار کا نام نہیں، شعور کی بیداری کا نام ہے؛ اور تنقید اداروں کو گرانے کا نہیں، انہیں ان کے اصل مقام تک پہنچانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے گھروں، مسجدوں، امام بارگاہوں، حوزاتِ علمیہ اور تمام مذہبی و قومی اداروں میں یہ اعلان کریں:
یہاں سوچنا منع نہیں، سوچنا ضروری ہے؛ یہاں سوال کرنا جرم نہیں، سوال کرنا حق ہے؛ یہاں اختلاف دشمنی نہیں، اصلاح کا ایک راستہ یے ایسا راستہ جس پر چل کر قومیں سر بلند ہوتی ہیں
وہ بند گلی نہیں جس کے آخر میں درشت الفاظ و موٹی عبارت میں لکھا ہو"ہش.... سوچنا منع ہے !"










آپ کا تبصرہ